ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) ممبر قومی اسمبلی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ اقتدار کے پجاریوں نے صرف چالیس منٹ میں ضیاء الحق کے کہنے پرمسلم لیگ(ن) بنائی، یہ مسلم لیگ (ن) جب سے معرض وجود میں آئی ہے ساتھ ہی ملک کے اندر لوٹ مار کی سیاست اور کرپشن شروع ہو گئی، یہ نہ تو ملک کے ساتھ وفادار ہیں اور نہ ہی قوم کے ساتھ مخلص بلکہ انکا تو موٹو ہی لوٹ مار کرنا ہے، آج کی جتنی گندگی ہے اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے اسکے محرک میاں نواز شریف ہیں۔
یہ ہنود و یہود اور مودی کے ساتھ ملکر ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ہمارا جہاد اس کرپٹ ٹولے کے خلاف ہے، ملک کے قرضوں میں اضافہ اور نواز شریف کے بنک بیلنس میں ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز یونین کونسل خرم پراچہ کے مختلف دیہات میں عمار صدیق خان کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقاریب میں خطاب کے دوران کیا تقریب سے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 7عمار صدیق خان ،چئیرمین یونین کونسل ملک سہیل نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں اہلیان یونین کونسل کی کثیر تعداد موجود تھی اس موقع پر مختلف برادریوں کے سرکردہ راہنما نے مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہہ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
امیدوار برائے ضمنی الیکشن حلقہ پی پی سات عمار صدیق خان نے کہا کہ آپ لوگوں کی شفقت دیکھ کر مجھے اندازہ ہو گیا ہے کہ آپ لوگوں کا غلام سرور خان اور میرے والد مرحوم محمد صدیق خان کے ساتھ کیساتھ گہرا تعلق اور محبت ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ پہلے سے بھی بڑھ کر نہ صرف میرے ساتھ شفقت کرینگے بلکہ 26ستمبر کو اپنی ووٹ کی طاقت سے ثابت بھی کرینگے ،انشااللہ جیت میری نہیں آپ کی ہوگی اور آپ لوگوں نے پہلے بھی میرے بزرگوںپر ہر بار اعتماد کا اظہار کیا انشااللہ مجھے قوی امید ہے کہ اس ضمنی الیکشن میں بھی آپ کی محبتوں کا ساتھ ہمارے ساتھ رہے گا، چئیرمین یونین کونسل خرم پراچہ ملک سہیل نے کہا کہ جسطرح آپ لوگوں نے بلدیاتی انتخابات میں ہمیں کامیابی سے ہمکنار کیا اسی طرح 26 ستمبرکو بھی پہلے سے بڑھ کر مہربانی کرینگے اور پہلے سے بھی زیادہ پی ٹی آئی کومارجن سے کامیاب کرینگے۔