لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نواز شریف 3 بار وزیراعظم رہے، انہوں نے پاکستان کو کیا دیا، ان کی غلط فہمی ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی کی طرف لے جائیں گے۔
سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ میرے دور میں سعودی فرمانروا کنگ عبداللہ کی وجہ سے نواز شریف سے این آر او ہوا لیکن اب انھیں کوئی بچانے والا نہیں، نواز شریف کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر جو الزامات لگے سب صحیح ہیں۔ وہ لٹیرے ہیں، انہوں نے ملک کو لوٹا، عدالت انھیں سزا دے گی، انھیں اپنے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف 3 بار وزیراعظم رہے، انہوں نے پاکستان کو کیا دیا، ان کی غلط فہمی ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی کی طرف لے جائیں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرداری ملک لوٹنے بیٹھے ہیں، زرداری صاحب کا انتخاب بینظیر کی سب سے بڑی غلطی تھی، انھیں زرداری کی کرپشن کا پتہ تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایماندار شخص ہیں جو پاکستان کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن گورننس کو سمجھنا اور مسائل کا حل نکالنا آسان نہیں، انھیں بولنے سے زیادہ سننے کی ضرورت ہے۔ عمران خان کو چاہیے کہ وہ گورننس کے بارے میں سیکھیں۔ وہ وزیر اعظم بننے کیلئے ن لیگ سے بہتر ہیں لیکن ان کیلئے وزارتِ عظمیٰ کا راستہ ہموار نہیں ہے۔ ان کی مقبولیت پہلے سے کم ہو گئی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مشرف نے کہا کہ شہباز شریف کی پنجاب میں کارکردگی بہتر ہے لیکن ان پر کیسز کو دیکھا جائے تو وزیرِ اعظم بننا مشکل نظر آتا ہے لیکن مریم نواز کے وزیرِ اعظم بننے سے ن لیگ میں پھوٹ پڑ جائے گی۔ ادارے اور عوام بھی مریم نواز کو وزیرِ اعظم نہیں مانیں گے۔ انہوں نے کہا مریم نواز وزیرِ اعظم بننے کیلئے میچور نہیں ہیں کیونکہ وزیرِ اعظم نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ہوتی ہے، اس اہم عہدے کیلئے طبعیت میں ٹھہراؤ کا ہونا لازمی ہے۔ تاہم عوام شہباز شریف کو وزیراعظم مان لیں گے۔