لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نئے صوبے کے نعرہ پر سیاست کرنے والے اور مسلم لیگ (ن) کے ٹوٹنے کی باتیں کرنے والے بے نقاب اور ناکام ہو چکے ہیں۔
صدر شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات میں ٹکٹ کے حصول کے لیے شہباز شریف خود بھی بورڈ کے سامنے پیش ہوئے۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے شہباز شریف کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے پنجاب میں مسلم لیگ(ن) مضبوط رہی ہے بالخصوص جنوبی پنجاب میں شہباز شریف کے کام قابل قدر ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ نئے صوبے کے نعرے پر سیاست کرنے والے اور مسلم لیگ (ن) کے ٹوٹنے کی باتیں کرنے والے بے نقاب اور ناکام ہو چکے ہیں جب کہ جو فصلی بیٹرے تھے وہ مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہا جارہا تھا کہ حکومت کی مدت پوری ہوگی تو پارٹی چھوڑنے والوں کی قطار لگ جائے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔