نواز شریف نے کہا میں وزیراعظم بن جاتا ہوں، تم وزیر خارجہ، میں نے پیشکش ٹھکرا دی: شاہ محمود

Shah Mahmood

Shah Mahmood

اسلام آباد (جیوڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نوازشریف نے کہا میں وزیراعظم بن جاتا ہوں تم وزیر خارجہ بن جائو میں نے منع کر دیا، میں نے نواز شریف کی پیشکش ٹھکرا دی۔

پی ٹی آئی کا ہر ٹکٹ ہولڈر سو، سو بندے لیکر اسلام آباد پہنچ جائے، عام انتخابات سے قبل نوازشریف نے رائے ونڈ بلاکر کہا کہ وہ خود کو مستقبل کا وزیراعظم اور مجھے وزیر خارجہ دیکھ رہے ہیں۔ 14اگست کو اسلام آباد میں آزادی مارچ لیگی اقتدار ہلاکر رکھ دے گا۔

علاوہ ازیں جنوبی پنجاب کے اضلاع میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 14 اگست کے آزادی مارچ میں لاکھوں پاکستانی عوام شرکت کریںگے، آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے جنوبی پنجاب کی عوام کا جوش وجذبہ قابل دید ہے، جنوبی پنجاب کی عوام نے ہمیشہ عمران خان کال پر لبیک کہا۔ تحریک انصاف کے کارکن عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ، ضلعی تنظیمیں اپنے اپنے ضلعوں میں 14 اگست کے آزادی مارچ کی تیاریاں تیز کر دیں۔

آزادی مارچ نئی تاریخ رقم کرے گا، الیکشن نظام میں اصلاحات کئے بغیر صاف اور شفاف انتخابات میں ممکن نہیں اور دھاندلی کے ذریعے قائم ہونے والی حکومت ناکرپشن ختم کرسکتی اور نہ ہی عوام کے مسائل حل ،موجودہ حکومت میں صرف شریف فیملی کے کاروبار میں اضافہ ہو رہا ہے ملک وقوم کا کوئی پرسان حال نہیں۔ 11 مئی کے انتخابات میں دھاندلی کرنے والے ٹولے کو تحریک انصاف سزادلوا کر رہے گی۔

آزادی مارچ سے پہلے ہی حکمرانوں کی سانسیں پھولنا شروع ہو گئی ہیں ،پُرامن آزادی مارچ والے دن حکومت اور انتظامیہ نے رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی گئی تو تمام تر حالات کی ذمہ دار بھی وہی ہوگی، پی ٹی آئی نے انتخابات کو قبول کیا ناکہ اس میں ہونے والی دھاندلی کو۔