لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم نے عمران خان کے غیر آئینی مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔ کوئی مائی کا لعل وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ نہیں مانگ سکتا۔
لاہور میں استحکام پاکستان ریلی سے خطاب میں حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دھرنے والوں سے پاکستان کی ترقی برداشت نہیں ہو رہی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بچوں کی طرح وزیراعظم بننے کی ضد کر رہے ہیں۔
عمران خان حکومت کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے دیں، الگے انتخابات میں قسمت آزمائی کریں۔ حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غرور اور تکبر کا سر ہمیشہ نیچا ہوتا ہے۔
عمران خان نے کسی کو نہیں بخشا، سب پر جھوٹے الزامات لگائے۔ عمران خان لاہور سے نکلے تو کہتے تھے کہ اسلام آباد پہنچنے سے پہلے استعفیٰ آ جائے گا۔
اب کہتے ہیں کہ خدا کے واسطے 30 دن کیلئے استعفی دیدو۔ لیکن میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ کوئی مائی کا لعل وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے استعفیٰ نہیں لے سکتا۔ ”عمران سن لو! نواز شریف کا دل اور کلیجہ شیر کا ہے۔ قوم نے عمران خان کے غیر آئینی مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔