اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حذب اختلاف شہباز شریف نے جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو پرہیزی کھانا فراہم نہ کرنے پر احتجاج کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق انہیں پرہیزی کھانا فراہم کیا جائے لیکن جیل میں نواز شریف کو پرہیزی کھانا فراہم نہیں کیا جارہا ۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جیل میں پرہیزی کھانا فراہم نہ کرنا عمران نیازی کی قاتل ذہنیت کا ثبوت ہے، مریض کا پرہیزی کھانا روک کر عمران نیازی سیاسی انتقام کے بدترین درجے پر فائز ہوگئے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمہ دار فاشسٹ نیازی ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ عمران نیازی میں قوم کی خدمت کی صلاحیت ہے نہ ہی سیاسی مخالفت کا ظرف، فسطائیت کی کالی رات ختم ہونے کو ہے، پھر ان تمام مظالم کا حساب ہو گا۔