گلیانہ (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چوہدری شاہین اختر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اور خادم پنجاب میاں شہباز شریف نے عام آدمی کی محرومیاں دور کر دیں۔ مسلم لیگ (ن) کی پر امیداور پرعزم قیادت کی بدولت مایوسی کا اندھیرا بھی چھٹ گیا۔
ہماری قیادت کی تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبہ جات میں مثبت اصلاحات سے پسماندہ طبقات کی حالت زارمیں نمایاں بہتری آئی۔طبقاتی نظام تعلیم کا سدباب وزیراعظم میاں نوازشریف اور خادم پنجاب میاں شہبازشریف کا دیرینہ خواب ہے جوعنقریب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
عوام کا ہماری قیادت کی گرانقدر قومی خدمات پر اظہار اعتماد اور اظہاراطمینان خوش آئندہے مگراس صورتحال کے نتیجہ میں اپوزیشن والے آپے سے باہر ہو گئے ہیں۔انھوں نے مزید کہاکہ عوام کے جذبات سے کھیلنے والے قومی سیاست سے ناک آئوٹ ہوجائیں گے۔ عوام کی محرومیوں کامداواکرنے والی حکومت کیخلاف کوئی نام نہاد احتجاجی تحریک یا سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شرپسنداوربدعنوان عناصر کیخلاف انتہائی منظم اندازمیں کریک ڈائون کیا جارہا ہے اوراس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت اور امن دشمن عناصر کی سرکوبی کی گئی اور عام پاکستانیوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت یقینی بنائی۔ ماضی میں عام آدمی کے مسائل سے دانستہ چشم پوشی کی گئی مگر ہماری قیادت انہیں ان کی دہلیز پر حقوق اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔