متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان غلط فہمیاں دور ہو گئی ہیں، ملکر نئے سفر کا آغاز کرینگے۔ مسلم لیگ ن کے وفد کے نائن زیرو کے دورے کے موقع پر ٹیلی فونک خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ وہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ ماضی میں دونوں جماعتوں کے درمیان پیدا ہونیوالی غلط فہمیاں دور ہو گئیں۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو کچھ بھی ہوسکا وہ ضرور کریں گے۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان ایٹمی طاقت رہے۔ ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ ان کا کہناتھا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے وہ نوازشریف کے ساتھ ہیں۔ بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں سے لاپتہ افراد بازیاب اور مسخ شدہ لاشیں ملنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہئے۔ ملک میں جمہوری کلچر چلتا رہنا چاہئے تا کہ آمریت کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند ہو سکے۔ مسلم لیگ ن کے وفد اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں دلچسپ یادوں اورلندن کی حلیم اور پکوڑوں کا خصوصی تذکرہ بھی ہوا۔