اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ سچ نہیں جو نوازشریف سپریم کورٹ میں بول رہے ہیں، لیڈروہی بنتا ہے جو حق اورسچ بولتا ہے۔
عمران خان کا انصاف فیڈریشن کنونشن سے خطاب میں کہنا تھا کہ جس ملک کے ادارے مضبوط ہوتے ہیں وہ ملک مضبوط ہوتا ہے، رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں ادارے مضبوط ہورہے ہیں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ چارخصوصیات چھوٹے انسان کو بڑا بناتی ہیں، ہمیں پہلے اپنے آپ کوبدلنا ہوگا، جوڈرتا ہے وہ بڑے فیصلے نہیں کرپاتا، انصاف کرنے والوں کی دنیا میں عزت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختون خوا میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم پردی ہے کیونکہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی عظیم معاشرہ کہلاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نیب کو ٹھیک کررہے ہیں، انسانوں پرپیسا خرچ کرنے اوراداروں کی مضبوطی ترقی کی علامت ہے، ملک کے ادارے اورعدلیہ مکمل آزاد ہوگی تب ہی کرپشن ختم ہوگی ۔