سکھر (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور اس کے خاندان کے ساتھ وی آئی پی احتساب ہو رہا ہے جب کہ نواز شریف پورا نظام لپیٹنا چاہتے ہیں۔
سکھر میں این آئی سی وی ڈی اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے صوبوں کے لیے نیب اور عدالتوں کا معیار دہرا کیوں ہے، نواز شریف اور ان کے خاندان کے ساتھ وی آئی پی احتساب ہورہا ہے جب کہ نوازشریف پورے کے پورے نظام کو لپیٹنا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم خود کو وزیر اعظم ماننے کو تیار ہی نہیں ہے، چیف جسٹس نے جناح اسپتال تو دیکھ لیا اب وہ وقت نکال کر شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر بھی دیکھیں اور چیف جسٹس این آئی سی وی ڈی سکھر بھی تشریف لاکر دیکھیں کہ یہاں پر بالکل مفت و معیاری علاج ہوتا ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ چاروں صوبوں کے تعلیمی بجٹ سے زیادہ لاہور کی اورنج ٹرین کا بجٹ ہے، اب عوام فیصلہ کریں کہ شوبازی چاہیے یا عوام کی حقیقی خدمت چاہیے۔