دہشت گردی نے ملک کو گھیرا ہوا ہے، حمزہ شہباز

Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

جھنگ (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے ملک کو گھیرا ہوا ہے، ملک کا مستقبل امن سے وابستہ ہے، نواز شریف امن کے قیام تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

جھنگ میں حلقہ پی پی 81 کے علاقے رتہ متہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہبازکا کہنا تھا کہ 19 کروڑ لوگوں کا مستقبل پاکستان میں امن کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اگر پاکستان میں امن ہوگا تو بچے اسکول جائیں گے، فیکٹریاں چلیں گی اور سرمایہ کاری ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو امن دینے کا وعدہ کیا ہے، دہشت گردی نے ملک کو گھیرا ہوا ہے، ملک کا مستقبل امن سے وابستہ ہے، نواز شریف قیام امن تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ مسلم لیگ ن کی ترجیحات میں شامل ہے، رات دن محنت کر کے لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کسانوں کو پیروں پر کھڑا کرے گی۔ فصلیں سونا اگلیں گی، کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان بھی خوشحال ہوگا۔ حمزہ شہباز نے رتہ متہ میں کالج اور اسٹیڈیم بنانے کا اعلان بھی کیا۔