اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے 12 فروری کو ترکی روانہ ہونگے جہاں ترک صدر، وزیراعظم اور افغان صدر حامدکرزئی سے ملاقات کریں گے۔
رواں سال افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلا کے تناظر میں 2007 کے بعد سے اب یہ اپنی نوعیت کی 8 ویں کانفرنس ہے۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق وزیراعظم 12 فروری کو انقرہ پہنچیں گے ترک صدر عبداللہ گل کانفرنس کے شرکا کے اعزاز میں اسی روز صدارتی محل میں عشائیہ دیں گے۔
اگلی صبح نواز شریف ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان اور صدر عبداللہ گل سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے۔ بعدازاں وہ ترک صدر عبداللہ گل، افغان صدر اور ترک وزیراعظم سے مشترکہ اجلاس میں ملاقات کریں گے۔
سہ فریقی کانفرنس کے 2 اجلاس ہونگے جس کے اختتام پر تینوں سربراہان حکومت مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔ کانفرنس کے حوالے سے جب دفتر خارجہ سے رابطہ کیا گیا تو ترجمان نے کہا کہ کانفرنس کے نتیجے کے بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل ازوقت ہے۔ نوازشریف اور حامد کرزئی کی دوطرفہ ملاقات کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ کچھ تفصیلات پر ابھی کام کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر ترکی کے ساتھ ترجیحی تجاری معاہدے پر دستخط کا امکان ہے۔ ترک وزیراعظم کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ کانفرنس کے اختتام پر وزیراعظم استنبول جائیں گے جہاں وہ 14 فروری کو مقامی کاروباری افراد سے ملاقاتیں کریں گے۔