اسلام آباد (جیوڈیسک) پانامہ لیکس کی تحقیقات میں مصروف جے آئی ٹی میں پیشی بھگتنے کے بعد جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بولے، ساری رات قصہ سناتے رہے، صبح پوچھا زلیخا کون ہے؟ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا تھا۔
انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرکے کہا، عمران خان! نظریہ پاکستان کیخلاف سازشوں سے اپنے آپ کو دور کرو۔ کیپٹن صفدر نے دعویٰ کیا کہ یہی عوام نواز شریف کو دوبارہ 2018ء میں طاقت دے گی۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ سرے محل اور کارگل کے مجرم کو کوئی نہیں پکڑ رہا۔ کیپٹن صفدر نے یہ بھی کہا کہ جے آئی ٹی ممبران کو چٹیں آ رہی تھیں۔
اس سے قبل، آج صبح وزیر اعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے جوڈیشل اکیڈمی پہنچے تو باہر موجود ن لیگ کے کارکنان نے خوب نعرے بازی کی۔
پولیس کی بھاری نفری بھی کیپٹن صفدر کی حاضری کے دوران جوڈیشل اکیڈ٘ی کے اطراف موجود رہی۔ ذرائع کے مطابق، جے آئی ٹی نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے مریم نواز کے وزیر اعظم کے زیرکفالت ہونے اور اثاثوں کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔