کراچی (جیوڈیسک) نواز شریف نے حکیم سعید کے قتل کیس کا بہانہ بنا کر میری منتخب حکومت کو ختم کیا اور ایک ایسے شخص کو وزیراعلیٰ سندھ مقرر کیا جو غیرمنتخب تھا، کیا نواز شریف کا یہ عمل آئینی اور قانونی تھا، اب جب ملک کا پسماندہ اور مظلوم طبقہ اسلام آباد کی شاہراہوں پر جمع ہوگیا ہے اور گو نواز گو کا مطالبہ کر رہا ہے تو یہ عمل نواز شریف کے لیے غیر آئینی اور غیر قانونی بن گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعلی سندھ لیاقت جتوئی نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری ملک کے عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں، ہم ان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اورمیں کل اسلام آبادجاکر دھرنوں میں شرکت کروں گا، اب نواز شریف کے جانے کا وقت آگیا ہے، انہوں نے کہا کہ میں عوامی اتحاد پارٹی سندھ کے ممبران، عہدیداران اور ہمدردوںسے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے موبائل فون سے روزانہ ایک سو سے زائد گو نواز گو مہم کے میسج اپنے دوستوں کو بھیجیں، ملک کو نواز شریف نے تباہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ دھرنوں کی وجہ سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے لیکن لاہور میں ایک شخص کے بزنس کو بچانے کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے موٹر وے بنایا جارہا ہے کیا یہ ملک کا نقصان نہیں ہے۔