بھمبر (جی پی آئی) وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کے دورہ چین اور جرمنی سے پاکستان کے اندر ترقی اور خوشحالی آئیگی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور بیروزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی میاں نواز شریف ملک کو بحرانوں اور مشکلات سے نکالنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ نون برطانیہ کے سنیئر نائب صدر چوہدری جہانگیر حسین نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج ، انتشار اور دھرنوں کی سیاست نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس سے مسائل اور مشکلات میں اضافہ ہوا ہے لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود مسلم لیگ نون کی حکومت عوام کو بھر پور ریلیف فراہم کرنے کی سعی کر رہی ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکمی سے مہنگائی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف محب وطن لیڈر ہیں اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کے حالیہ دورہ چین اور جرمنی سے ملک کے اندر تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
منصوبوں اور معاہدہ کی تکمیل سے لو ڈشیڈنگ مہنگائی اور بے روز گاری کو ختم کرنے میں مدد ملے گی اور عوام کو بھر پور ریلیف ملے گا انہوں نے کہا کہ عمران خان بھی احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کو چھوڑ کر پارلیمنٹ میں آ کر اپنا کردار ادا کریں۔