فیصل آباد (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف اپنے سیاسی اثر و رسوخ اور اپنی ساکھ کو مسلم امہ کے مسائل کے حل کیلئے استعمال کر رہے ہیں، انہیں نااہل کرنے والے اور کروانے والے بہت شرمندہ ہوں گے کہ جسے گھر میں نااہل کرنے کی کوشش کی گئی، پوری دنیا اسے اہل سجھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ میاں نواز شریف کو نااہل کرنے اور سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کے درپے تھے، ان کی بوکھلاہٹ اور مایوسی کا یہ عالم ہے کہ پنڈی کا شیطان اور پاگل خان اضطراب میں ہیں، قومی سطح پر قیادت اور آپریٹ کرنے والے اداروں کو الرٹ کرنا چاہتا ہوں کہ یہ دونوں یا خودکشی کر لیں گے اور یا جمہوری نظام پر خودکش حملہ کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے آج سپریم کورٹ کے باہر جو گفتگو کی اس کا مقصد عدلیہ کو متنازعہ بناتا ہے، شیخ رشید کی سپریم کورٹ آمد پر پابندی لگائی جائے۔ رانا ثناء اللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ میاں صاحبان سعودی عرب میں مسلم ممالک کے درمیان باہمی معمالات میں کردار ادا کر رہے ہیں جس پر قبل از وقت بات نہیں کی جا سکتی لیکن ملک میں کچھ لوگ اتنے خوفزدہ ہیں کہ میاں صاحب کے سعودی دورے کو اپنے معنی پہنا رہے ہیں جبکہ وہاں کوئی ایسا معاملہ زیربحث نہیں ہے، مسلمان امہ کیلئے قد آور لوگ ہی کردار ادا کر سکتے ہیں، پنڈی کا شیطان اور پاگل خان کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کے خلاف کیس وفاقی حکومت کا کیس ہے، مسلم لیگ نون کا نہیں ہے، کیس عدالت کے سامنے زیرالتواء ہے، عدالت کو چاہئے کہ جس رفتار سے میاں نواز شریف کے خلاف کیس چلتا ہے، اسی رفتار سے مشرف کے خلاف کیس چلائے۔
انہوں نے کہا کہ پیر سیالوی لجپال اور مشکل کشا ہیں تاہم میرے استعفے کے معاملے میں وہ خود مشکل میں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ باقر نجفی روپورٹ آ چکی ہے، اس میں کوئی راز نہیں ہے۔