کروڑ لعل عیسن : میاں نواز شریف کا دورہ امریکہ کے دور رس نتائج مرتب ہونگے۔ 100 رکنی وفد سے کم کر کے 18 رکنی وفد میاں نواز شریف کی جانب سے کفایت شعاری کی بہترین مثال ہے۔ دھرنے والی دونوں پارٹیاں ملک اور قوم پر رحم کریں اور جمہوریت کی بقاء کیلئے پارلیمانی راستہ اختیار کریں۔ دھرنوں کے باعث ملک 10 سال پیچھے چلا گیا ہے۔ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا رہی ہے۔ حلقہ NA-181 میں کروڑوں روپے کے نئے منصوبے جلد شروع کیئے جائیں گے، ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ یہ بات ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن نے گزشتہ روز سابق ایم پی اے ملک عبدالشکور سواگ کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اوور بلنگ کے معاملات پر وہ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے ملے تھے جنہیں لوگوں کی پریشانی سے آگاہ کیا گیا۔ اور NA-181 میں بجلی کے نئے منصوبوں پر بھی بات ہوئی۔
تحصیل چوبارہ میں پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے کامرس کالج ، بہت سے سکولز اور سڑکات تعمیر کی جارہی ہیں۔ اسی طرح تحصیل کروڑ میں پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے ایمرجنسی بلاک اور آپریشن تھیٹر کی تعمیر ، پانچ کروڑ روپے سے فتح پور کروڑ کا بائی پاس اور کروڑوں روپے سے PCC سلیب ، سولنگ نالیاں بنائی جا رہی ہیں۔ ہم نے متاثرین سیلاب کو انگورہ فارم اور اٹھارہ ہزاری کے کیمپوں میں خشک راشن اور وسیع پیمانے پر کھانا تقسیم کیا ہے اور ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف دن رات مصیبت زدگان کے ساتھ ہیں۔حکومت سیلاب ذدگان کا ہر ممکن نقصان پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایسے میں تمام محب وطن پارٹیوں کو سیاست اور دھرنے چھوڑ کر مصیبت میں مبتلا ہزاروں افراد کی مدد کرنے کیلئے آگے آنا چاہیے۔ جھنگ اٹھارہ ہزاری کے متاثرین کو انگورا گوٹ فارم پر کیمپوں میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری پارلیمنٹ میاں نواز شریف کے ساتھ ہے اور سب کا متفقہ مؤقف ہے کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث آنے والی مصیبت کی اس گھڑی میں دھرنا سیاست ختم کر کے ہمیں بے یارومددگار افراد کی مدد کرنے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اور این جی اوز متاثرین کی مدد کیلئے کیمپ خیمے راشن اور کھانے پینے کی اشیاء و دیگر سامان بھجوائیں۔