لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس زمین پر تو انسان بستے ہیں، اگر سابق وزیراعظم نواز شریف کا مقابلہ سیاسی لوگوں کے بجائے ’خلائی مخلوق‘ سے ہے تو راکٹ پکڑیں اور خلاء میں جائیں۔
لاہور میں میں رکنیت سازی کیمپ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کی پوری زندگی ووٹ کی بے حرمتی سے بھری پڑی ہے، وہ ہر 15 دن بعد اپنا بیانیہ بدلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے سیاست نہیں، ہمیشہ کاروبار کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کا مسئلہ عمران خان ہیں اور عمران خان کا مسئلہ نواز شریف ہیں، دونوں کا مسئلہ اور کچھ نہیں اقتدار ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی دو گھنٹے تقریر میں ’میں،میں‘ کے سوا کیا نیا تھا؟ خان صاحب نے 5 سال میں کے پی کے میں کوئی اسپتال یا یونیورسٹی بنائی؟
پیپلز پارٹی کے چیرمین نے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں اپنے گیارہ نکات میں سے کسی پر بھی عمل نہیں کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہر ظلم کا مقابلہ کیا ہے، عوام میرا ساتھ دیں میں ان کےحق کیلئے لڑوں گا۔