گڑھی خدا بخش (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے جب کہ ان سے اب صلح نہیں ہو سکتی۔
گڑھی خدا بخش میں پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) وہ پارٹی ہے جو حکومت بھی خود کرتی ہے اور اپوزیشن بھی جب کہ سمجھ نہیں آتا میاں صاحب حکومت پر کیوں اور کیسے تنقید کرتے ہیں حالانکہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ دونوں ہی ان کے ہیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پہلے نوازشریف نے اپنی آنکھیں سرپررکھ لیں اب ہم نے رکھ لی ہیں جب کہ میاں صاحب نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملکر ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے، نواز شریف سے صلح نہیں ہوسکتی اور ان سے جنگ رہے گی۔ انہوں نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد پنجاب میں آئیں گے، تخت رائیونڈ کو ہلائیں گے جب کہ پیپلزپارٹی میاں صاحب سے سیاست چھڑوا کررہے گی۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ میں نے کہا تھا کہ جب چاہوں (ن) لیگ کی حکومت گراسکتا ہوں اور کہا تھا کہ اس بار سینیٹ کا چیئرمین نہیں لینے دوں گا جب کہ اس مرتبہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ بھی نوازشریف کو نہیں لینے دیں گے، ہم کسی کے ساتھ مل کربھی حکومت بنائیں مگرآپ سے نہیں ملیں گے اور ہم آپ سے تب بات کریں گے جب آپ ختم ہوچکے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ آراوالیکشن نہیں مانتے، میاں صاحب یہ آپ کا مینڈیٹ نہیں یہ آراو الیکشن تھے،پنجاب میں میاں صاحب کی جلسیاں ہورہی ہیں اور انہوں نے لاہورٕ میں اربوں روپے خرچ کرکے ایک سیٹ نکالی۔
دوسری جانب بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی پر لٹکا کر پاکستان کے سنہری دور کو بھی لٹکا دیا گیا اور آج تک پاکستان کا سنہرا دور پھانسی گھاٹ پر جھول رہا ہے جب کہ جمہوریت اور آئین بھٹو کا ہی کارنامہ ہے، یہ پاکستان بھٹوشہید کا تحفہ ہے، متفقہ آئین بنانا کوئی مذاق نہیں تھا لیکن آج پوری دنیا میں پاکستان کا نام رسوا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم دیکھ رہے ہیں نوازشریف عمران خان ایک دوسرے سے لڑرہے ہیں لیکن ان کی جنگ منافقوں کی جنگ ہے اور مقصد صرف اقتدار میں آکر پیسہ بنانا ہے، ان کی سیاست اورمعیشت امیروں کے لیے ہے، جاتی امرا اور بنی گالہ میں سرمایہ دار جمع ہوچکے ہیں اور اگر یہ لوگ اقتدار میں آگئے تو پتا نہیں ملک کا کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام بتائیں وہ کس کے ساتھ ہیں، بھٹو کے وارثوں یا ضیاءالحق کے وارثوں کے ساتھ، طالبان کا بچھڑا بھائی عمران خان ہے اور ہم مذہبی انتہاپسندوں کی بھی ٹیم کو اقتدار میں نہیں آنے دیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نوازشریف آج ووٹ کی عزت کی بات کررہے ہیں جب کہ انہوں نے پوری زندگی ووٹ کو عزت نہیں دی، وہ صبح عدلیہ کو گالی دیتے ہیں اور رات کو اپنے وزیراعظم کو معافی کے لیے بھیج دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے میاں یا چھوٹے میاں سے ملک نہیں چلے گا، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کیے جارہے تھے مگر جیسے ہی سردیاں ختم ہوئیں ان کا جھوٹ سامنے آگیا۔