سکھر (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنے پہلوانوں کو بے جا بیان بازی سے روکیں اور موجودہ حالات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جو بیان دیا ہے وہ بالکل صحیح ہے۔
سید خورشید شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ہزاروں جوان شہید ہوئے اور حکومتی وزرا اسی ادارے پر تنقید کررہے ہیں جو بلا جواز ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پہلوانوں کو فوج کے خلاف بیان بازی سے روکیں کیوں کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ وزیر اعظم اپنی ٹیم کو قابو میں رکھیں۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ اگر ہماری حکومت نے صحیح کام نہیں کیا اور موجودہ حکومت درست سمت میں جاری ہے تو پھر حالات کیوں ٹھیک نہیں ہورہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بم دھماکے طالبان نہیں کررہے تو پھر کون کررہا ہے اور یہ دہشت گردی طالبان کے علاوہ کوئی دوسرا گروپ کررہا ہے تو کیا پھر حکومت اس گروپ سے بھی مذاکرات کرے گی۔
سید خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان اپنے آپ کو کوئی چیز سمجھتے ہیں اور ان سے متعلق بات کرنا میرے نزدیک وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔