اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے تیس سال اتنی محنت سے کرپشن کی کہ وہ کرپشن میں ماہر ہو گئے، ہم لاکھ کوشش کرتے ان کی کرپشن کا پتا نہ چلتا، بھلا ہو پاناما میں کام کرنے و الے ایماندار آدمی کا جس نے بھانڈا پھوڑا، انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاناما کیس میں انصاف ملا تو پاکستان بدل جائے گا۔
بہاول پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے پھر حکومت اور شریف فیملی پر الزامات کی بھرمار کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بتائیں دو کمپنیوں کے مالک کون ہیں نواز شریف نے مریم نواز کے نام پر پراپرٹی لی، ان کے پاس چوری کا پیسا تھا، اگر اس کیس میں انصاف ملا تو پاکستان بدل جائے گا، کسی طاقتور کی جرات نہیں ہو گی کہ پیسہ چوری کر کے باہر لے جائے، آنے والے دنوں میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔
عمران خان نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ نواز شریف کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں، لوگوں کو اکٹھا کر رہے ہیں، فضل الرحمان کچھ بھی کر لیں، جو سونامی آ رہی ہے نہ آپ خود کو بچا سکیں گے اور نہ نواز شریف کو بچا سکیں گے۔
عمران خان نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا وہ تیار ہو جائیں، رابطہ مہم کے ذریعے سب کا مقابلہ کریں گے۔