اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں امن وامان کی صورتحال، کراچی آپریشن، انسداد دہشت گردی کے حوالے سے قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری کراچی سے اسلام آباد ائر پورٹ پہنچے اور نور خان ائر بیس اسلام آباد سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے وزیراعظم ہاؤس آئے جہاں وزیراعظم محمد نواز شریف نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، سینیٹر رضا ربانی اور مراد علی شاہ جبکہ وزیراعظم کے ہمراہ اسحاق ڈار، زاہد حامد اور فواد حسن فواد نے شرکت کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی امن وامان کی صورتحال، کراچی آپریشن، انسداد دہشت گردی کے حوالے سے قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
وفود کی سطح پرملاقات کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کی ون آن ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات اور تحفظ پاکستان بل کی سینیٹ سے منظوری سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نواز شریف نے آصف زرداری کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ملاقات میں طالبان سے مذاکرات اور سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ٹرائل سمیت تمام امور پر بات ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت پر کوئی مشکل آئی تو تمام جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔
وزیراعظم کو تحفظ پاکستان بل پر پیپلز پارٹی کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے قوانین میں ترامیم کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی رائے لینے کی ہدایت کی ہے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا موقف انتہائی واضح ہے کہ کوئی بھی شخص آئین اور قانون سے بالاتر نہیں ہے۔