اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز شریف نے آصف زرداری سے صلح مشورے کیا کر لیے عمران خان نے سندھی ٹوپی سنبھال لی۔ خوب سگنل بھیجے، رات کو چیلنج بھی کر دیا۔
کپتان عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو کرسی کا چیلنج کیا تو انہوں نے سندھ سے زرداری صاحب کو اپنے پاس بلوا لیا، خوب سلاح مشورے ہوئے۔ پھر کپتان کہاں پیچھے رہنے والے تھے۔
عمران خان نے بھی اپنے انداز میں جواب دینے کا فیصلہ کیا اور فٹافٹ بھری دوپہر میں سن گلاسز لگا کر کنٹینر پر چڑھے اور تقریر شروع کر دی۔ ادھر زرداری صاحب وزیر اعظم کو جھکتے درخت کی مثالیں دے کر وزیر اعظم کو مصالحت سے کام لینے کا مشورہ دے رہے تھے۔
تو ادھر عمران خان نے کہا کہ نواز زرداری ملاقات سے کچھ نہیں ہونے والا۔ اسی دوران ان کے پاس کھڑے تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے انہیں سندھی ٹوپی پہنا دی۔ اس کے بعد خان صاحب نے بقیہ تقریر سندھی ٹوپی پہن کر ہی کی۔
سندھ والوں کو اظہار یکجہتی کے خوب سگنل بھیجے اور ساتھ ہی اشاروں ہی اشاروں میں پیپلز پارٹی کو بھی چیلنج کیا کہ نواز زرداری گٹھ جوڑ ہو گیا تو ہونے دو۔ تحریک انصاف موجود ہے ناں۔
گذشتہ رات کوعمران خان نے اپنے خطاب میں اس کا اظہار بھی کر دیا۔خان صاحب سندھی ٹوپی سے سندھ میں اپنے چاہنے والوں کو بھی دھرنے میں علامتی دعوت دے دی۔ خان صاحب کچھ بھی کہیں مگر تجزیہ کار کہتے ہیں کہ مائنس 1 فارمولے کا مطالبہ کرنے والے عمران خان ملکی سیاست میں تنہا نظر آنے لگے ہیں۔