ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ سندھ کے دورے پر نواب شاہ پہنچ گئے ہیں

لاہور ( سید امجد حسین بخاری) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر حفیظ صوبہ سندھ کے دورے پر نواب شاہ پہنچ گئے ہیں، اپنے دورہ سندھ کے دوران ناظم اعلیٰ نواب شاہ ، شکار پور ، حیدر آباد، بدین، سکھر ،کندھ کوٹ اور کراچی کا دورہ کریں گے، دورے کے دوران ناظم اعلیٰ طلبہ اجتماعات سے خطاب کرنے کے علاوہ اساتذہ، وکلاء اور صحافیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ جاگیردارانہ نظام، وڈیرہ شاہی اور سفارشی کلچر نے جہاں معاشرے کی جڑیں کھوکھلی کی ہیں وہیں تعلیم کو بھی تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

وفاقی حکومت نے تعلیم کی جانب سے نگاہیں بند کر رکھی ہیں اور سب ٹھیک ہے کا راگ الاپ رہے ہیں ، صوبہ سندھ میں سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے جو کہ حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول رہی ہے ۔ انہوں نے تعلیمی بجٹ کے حوالے سے طلبہ کے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ، وفاقی حکومت کا تعلیم کے شعبے کو نظر انداز کرنا نا قابل فہم عمل ہے۔

تعلیم کے شعبے کی صوبوں کو منتقلی کی وجہ سے پہلے ہی اعلیٰ تعلیم کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے رہی سہی کسر تعلیم کے بجٹ میں اضافہ نہ کر کے پوری کردی گئی ہے ۔اعداد و شمار کے گورکھ دھندے کی بجائے عملی اقدامات سے ہی ملک کی خوشحالی اور ترقی کے دعوے پایہ تکمیل تک پہنچ سکتے ہیں ۔بجٹ میں چھوٹے صوبوں اور اضلاع کو نظر انداز کرنا ملک سالمیت اور یک جہتی کے ساتھ مذاق ہے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت زار اورگھوسٹ تعلیمی اداروں کے حوالے سے کوئی پالیسی واضع نہیں کی گئی۔ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے بجٹ میں رقم مختص کرنا ہی محض کارنامہ نہیں بلکہ فنڈز کا بروقت اجراء اور اس کی مساوی تقسیم بھی ایک چیلنج ہے۔حکومت نے طلبہ اور عوام سے تعلیمی بجٹ کو کل بجٹ کا 4فی صد کرنے کا وعدہ کیا مگر اس وعدے کو بھی ہوا میں تحلیل کر دیا گیا۔ حکومت کو تعلیمی شعبے کے ساتھ سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تبھی ترقی کی منزل سے ہمکنار ہوا جا سکے گا۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0334-5019016