ناظم آباد، کاروباری مراکز کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ

Encroachments

Encroachments

کراچی (جیوڈیسک) بلدیہ عظمیٰ کراچی انسداد تجاوزات کے عملے نے ناظم آباد نمبر 4 میں تجاوزات مافیا کی مزاحمت کو ناکام بناتے ہوئے عبداﷲ فلور مل اور ہادی مارکیٹ سمیت متعدد کاروباری مراکز کے اطراف قائم کی گئیں تجاوزات کا خاتمہ کرکے سڑک اور فٹ پاتھ پر رکھے ہوئے سامان کو ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے ناظم آباد نمبر 4 میں جمعہ کی صبح محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان کی نگرانی میں پتھاروں، گوشت کی دکانوں اور ان کے اطراف قائم کی گئی۔

غیرقانونی پختہ دیواروں اور چھپروں کو مسمار کردیا اور سامان ضبط کرکے کے ایم سی اسٹور میں جمع کرادیا، اس موقع پر علاقہ ایس ڈی ایم اور دیگر افسران کے علاوہ پولیس بھی موجود تھی۔ علاقہ مکینوں نے تجاوزات کے خاتمہ کو سراہتے ہوئے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے باعث کافی عرصے سے علاقہ مکینوں خصوصاً خواتین اور بچوں کو بے حد مشکلات کا سامنا تھا اور آمدورفت میں مشکلات پیش آرہی تھیں اس کارروائی کے بعد علاقہ صاف ستھرا ہوگیا ہے۔