یوں تو پہلے بھی ارضِ وطن پہ کڑا وقت آتارہا لیکن اب کی بار جس عہدِ اشوب کا سامنا ہے اُس کی شدتوں کا یہ عالم ہے کہ” دُعا” کے ساتھ ”دوا”کی بھی اشد ضرورت ہے۔لیکن” دوا”ہم کر نہیں سکتے کہ اِدھر اندرونی خلفشار کا عفریت دِن دُگنی رات چوگنی ترقی کررہا ہے اور اُدھر قحط الرجال کا یہ عالم کہ کوئی نگاہوں میں جچتا ہی نہیں۔ جچے بھی کیسے کہ کسی کوملک کی پرواہ نہ قوم کی،اقتدار کے بھوکے بھیڑیے پلک جھپکنے کے انتظار میں۔سیاست کے رنگ ڈھنگ یہ کہ منافقانہ” بین اور نوحہ خوانی ”کے لیے لاشوں کی اشد ضرورت ۔سبھی مسیحا لیکن مسیحائی سے کوسوں دورکہ یہ تو ڈھونگی ہیں ،محض ڈھونگی۔ سچ تو یہی ہے
کڑواسچ کہ حقِ حکمرانی خواہ کسی کوبھی ملے،قوم کا مقدر اندھیرے ہیں، گھوراندھیرے۔ ہماری دعائیں خالق و مالک کے ہاں مستجاب نہیںکہ اعمال کا دارومدار تو نیتوں پر ہوتاہے اور ہماری نیتوں کا فتور اظہر من الشمس جبکہ لوحِ مقدر پہ لکھ دیا گیا کہ خُدا نے آج تک اُس قوم کی حالت نہیں بدلی نہ ہوجس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا
ہم میلوںٹھیلوں کے شوقین ،جلسے جلوسوں اور ریلیوں میں”آوے ای آوے” اور”جاوے ای جاوے” کے فلک شگاف نعرے تو لگاتے ہیں لیکن عمل سے عاری۔ نگاہِ انتخاب کا یہ عالم کہ ووٹ دیتے وقت رنگ ونسل کے بتوںکو پاش پاش کرنے کی ہمت نہ فرقہ بندیوں سے باہر نکل کر سوچنے کی جرأت۔نتیجہ یہ کہ ایسے لوگوں کے ہاتھ میں قوم کی تقدیر تھما دیتے ہیں جنہیں سرے سے پتہ ہی نہیں ہوتا کہ قومی وملّی تقاضے کیاہیں۔کتنے ہونگے پارلیمنٹ اور سینٹ میں بیٹھے رہنماجنہیں آئین کی شُدبُد ہو؟۔ شاید ایک دو فیصدیا اِس سے بھی کم۔جب یہ عالم ہو توپھرغیروں کی غلامی ہی مقدر ٹھہرتی ہے۔
اسی اندرونی خلفشار سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت گزشتہ ایک ماہ سے پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت کا مرتکب ہورہا ہے ۔کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل گولہ باری جاری ہے اور آئی ایس پی آر کے مطابق یکم اکتوبر سے اب تک ورکنگ باؤنڈری کی چوبیس اور کنٹرول لائن کی چھبیس مرتبہ خلاف ورزی ہو چکی جس سے کئی شہادتیں ہوئیں اور ہزاروں بے گھربھی ہوئے۔یہ شاید اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیرِاعظم نوازشریف کی تقریرکا ردِعمل ہو جہاںاُنہوں نے عوامی امنگوں کے عین مطابق کشمیر کے بارے میں واضح اوردوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی کوشش کی لیکن ہمارے ”بھولے” وزیرِاعظم اتنابھی نہیں جانتے کہ عالمی ضمیر ہے کہاں جسے وہ جھنجھوڑنے نکلے تھے۔
اب توپوری دُنیامیں ”جس کی لاٹھی،اُس کی بھینس”پرہی عمل کیا جاتاہے۔ عالمی”ڈان” اور دہشت گرد امریکہ،دوسروں پر دہشت گردی کا الزام لگاکر مَن مانی کرتا رہتاہے ۔وہ تو پاکستان کوبھی بقول آمر مشرف” نشانِ عبرت” بنادیتا لیکن اللہ کا لاکھ لاکھ شکرہے کہ ہمارے پاس ایٹم بم ہے جسے ہم نے بقول چودھری شجاعت حسین شب برات پر پھلجھڑیوںکی جگہ چلانے کے لیے نہیں رکھ چھوڑا۔امریکہ اب اپنے”دیس” میں تو پایانہیں جاتا۔وہ توہمارے ہی دائیں بائیں ہے اور خوب جانتا ہے کہ یہ قوم ایٹم بم چلانے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔
Narendra Modi
اسی لیے وہ آنکھیں بھی دکھاتا ہے اور محتاط بھی رہتا ہے لیکن شاید ہمارا پڑوسی ہندوستان کسی بہت بڑی غلط فہمی کاشکار ہے۔ 2002ء میں گجرات کے مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے انتہا پسند نریندرمودی نے جب سے عنانِ حکومت سنبھالی ،سرحدوں کی خلاف ورزی شروع ہوگئی جو تاحال جاری ہے۔مودی جی سے بھلا کون بہتر جانتا ہوگا کہ پاکستان کی کُل آبادی سے بھی چار گُنا زیادہ لوگ تو ہندوستان میں خطِ غُربت سے نیچے بستے ہیں ،50کروڑ سے زائد کے پاس باتھ روم کی سہولت نہیں، 40 کروڑ کورے ان پڑھ اور لگ بھگ اتنے ہی بجلی کی سہولت سے محروم ۔اُدھر پاکستان میں بھی سب اچھّا نہیں۔حالات دونوں ملکوں کے تقریباََ ایک جیسے ہی ہیں۔اِس مسلمہ حقیقت سے بھی مفر ممکن نہیں کہ قوموں کی تقدیر یں جنگ سے نہیں امن سے بدلا کرتی ہیں اب مودی صاحب خود ہی فیصلہ کرلیں کہ اُن کے لیے امن بہتر ہے یا جنگ؟۔ اُنہیںیہ بھی نہیں بھولنا چاہیے کہ شہادت ہمیشہ مسلمان کا مطلوب ومقصود رہاہے لیکن ہندولالے کو زندگی بڑی عزیز ہوتی ہے۔
ہم پر حملہ کرکے لالہ جی کے ہاتھ توکچھ نہیں آئے گاالبتہ جب ہمارے ایٹمی میزائل محوِپرواز ہوئے تو پھر ”تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں”۔ہم دلّی کے لال قلعے پر سبزہلالی پرچم لہرانے کے زعم میں مبتلاء ہیںنہ ایسا کوئی خواب دیکھتے ہیںلیکن کسی بھی جارحیت کی صورت میں پوری دِلّی کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی سکت ضروررکھتے ہیں۔ہم امن کی خواہاں ہیں لیکن ربّ ِ کریم کے حکم کے عین مطابق ہمارے گھوڑے بھی تیار ہیں۔جیت کے غازی کہلائیں گے اور مَر گئے تو شہید، گویا گر بازی عشق کی بازی ہے ، جو چاہو لگا دو ڈر کیسا گر جیت گئے تو کیا کہنا ،ہارے بھی تو بازی مات نہیں
اکھنڈ بھارت کا خواب صرف نریندر مودی ہی نہیں سارے ہندوستانی سیاستدان دیکھتے چلے آرہے ہیں۔ اسی لیے تشکیلِ پاکستان کے ساتھ ہی ہمارے اوپر جنگ مسلط کر دی گئی اور کشمیرکی یہ جنگ ایک سال دوماہ تک جاری رہی پھر کشمیریوں کاحقِ خودارادیت تسلیم کرتے ہوئے جواہرلعل نہرونے کہا کہ اگر کشمیریوں نے ہندوستان سے الحاق کافیصلہ نہ کیاتو وہ بغیر کسی حیل وحجت کے کشمیر خالی کردیں گے لیکن آج تک اِس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ ستمبر 1965ء میں ہم پرجنگ مسلط کی گئی اور اکیس روزہ اِس جنگ میں ہماری بہادر افواج نے بھارت کو ناکوں چنے چبوائے۔ 1971ء میں ہندوستان زبردستی مشرقی پاکستان میں گھس آیااور مکتی باہنی کے ساتھ مل کر پاکستان کو دولخت کر دیا۔
سچ تو یہی ہے کہ یہ جنگ ہندوستان نے نہیںجیتی ، پاکستانی سیاستدانوں نے اندرونی خلفشار کی بناپر ہاری تھی۔ اُس وقت بھی اگر پاکستان ایٹمی قوت ہوتاتو ”لالہ ” مشرقی پاکستان میںافواج بھیجنے کی کبھی جرأت نہ کرتا۔ ایک جنگ راجیو گاندھی بھی ہم پر مسلط کرنا چاہتاتھا لیکن ضیاء الحق مرحوم کرکٹ میچ دیکھنے کے بہانے ہندوستان جا پہنچے اور مسکراتے ہوئے راجیوگاندھی کے کان میںیہ بھی کہہ آئے کہ پاکستان ایٹم بم بنا چکاہ ے اور اگر ہندوستان نے جنگ مسلط کرنے کی حماقت کی تو پاکستان ایک لمحے کی تاخیر کے بغیر ایٹم بم چلا دے گا۔
ضیاء الحق کی اِس تنبیہہ کے بعد راجیو گاندھی کا رنگ پیلا پڑگیا اور ہاتھوں پر رعشہ طاری ہوگیا۔ لالہ جی ! مکرر عرض ہے کہ ہمارے پاس گنوانے کے لیے کچھ بھی نہیں لیکن اگر ہم ”کھیڈاںگے نہ کھیڈن دیاںگے ”کے فارمولے پر عمل پیرا ہوگئے توپھر آپ کے پاس بھی ”کَکھ” باقی نہیں بچے گااِس لیے اپنی ”چمڑی”بچانے کے لیے ایسی شرارتوں سے بازرہنا ہی آپ کے حق میں بہتر ہے۔