تحریر: چوہدری ناصر گجر انسان کو اشرف المخلوقات کا اعزاز اس وجہ سے حاصل ہے کہ وہ اُسے اللہ رب العزت نے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت عطا فرمائی ہے اُس صلاحیت کی وجہ سے انسان اچھائی اور بُرائی میں تمیز کرتا ہے اخلاقی اقدار کا تعین کرتا ہے قوانین ترتیب دیتا ہے اپنے معاشرے کو خوب سے خوب تر بنانے کی کوشش میں لگا رہتا ہے چُھپے ہوئے رازوں کی تلاش میں مگن رہتا ہے خالق حقیقی کو اسی عقل کی بدولت جانتا، پہنچانتا اور مانتا ہے اپنے مقصد حیات کا تعین کرتا ہے جب انسان اپنی اس صلاحیت سے خود کام نہیں لیتا تب بُرے حالات اُس کا مقدر بن جاتے ہیں زندگی عذاب محسوس ہونے لگتی ہے۔
اسی عقل کا استعمال کرتے ہوئے انسان نے اپنے قصبہ، شہر اور مُلک کا نظام بنایا اور اُس نظام کو چلانے کے لیے قوانین بنائے اُن قوانین پر عملدرآمد کرانے کے لیے ادارے بنائے اسی عقل کی بدولت بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے ایک الگ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان بنائی اور اس کا بنیادی مقصد مذہبی آزادی اور استحصال سے چھٹکارہ تھا لیکن بد قسمتی سے ہمارے مُلک پاکستان میں سچے، مخلص اور ایماندار حکمرانوں کو تلاش کرنے میں پاکستانی قوم نے اپنی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو پس پشت ڈال کرخود کو بھیڑ چال پرلگا رکھا ہے جس کی وجہ سے مُلک پستی کا شکار ہے مذہبی فرقہ واریت عروج پرہے غربت ،بے روزگاری اور نا انصافی کا دور دورہ ہے کرپشن کی جڑیں انتہائی مضبوط ہیں آزمائے ہوئے کو بار بار آزمانا ہماری فطرت بن چکی ہے حق بات کہنے والے کو بے وقوف سمجھتے ہیں سب کچھ جانتے ہوئے بھی انجان بنے ہوئے ہیں اندھی تقلید ہماری عادت بن چکی ہے۔
جمہوریت ہر قیمت پر آمریت سے بہتر طرز حکومت ہے لیکن ہم ذرا بھر نہیں سوچتے کہ آمریت کو بُرا بھلا کہنے والے بڑے بڑے لیڈرکیا آمریت کی پیداوار نہیں؟عوام کی خدمت کے نعرے لگانے والے ہی کیا سب سے زیادہ عوام کا استحصال نہیں کر رہے؟خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے والے کیا قانون بنانے کے اہل ہیں؟کون سی ایسی بُرائی ہے جو ہمارے مُلک میں نہیں پائی جاتی پھر بھی ہم زندہ باد زندہ باد کے نعرے لگاتے نہیں تھکتے ایسے لوگوں کو ہم اپنا لیڈر کہتے ہیں جو کارگل کی جنگ میں شہیدوں کے خون کو بُھلا کر یہ کہے کہ ہم نے انڈیا کی پیٹھ میں چُھرا گھونپ کر اچھا نہیں کیا تھاایسے لوگوں کو ہم لیڈر مانتے ہیں جو پاکستان میں انڈین آرمی اور را کو آنے کی دعوت دیتے ہیںایسے لوگوں کو محب وطن کہتے ہیں جنہوں نے اپنے مفاد کی خاظر مُلک کی جڑیں کرپشن سے کھوکھلی کر دیں آخر ہم کیوں نہیں سوچتے کہ خالصتان کا نعرہ لگانے والے سکھوں کی لسٹیں دشمن مُلک کو دینے والے محب وطن ہیں یا غدار وطن۔پاکستان کو کیسی مملکت بنا دیا گیا ہے جہاں ایسے لوگوں کو دانشور کہا جاتا ہے جنہیں سورت اخلاص بھی نہیں آتی جہاں زیادتی کی شکار حوا کی بیٹی انصاف نہ ملنے پر خود کشی کر رہی ہے جہاں ماں اولاد برائے فروخت کا بورڈ اُٹھائے پھرتی ہے جہاں قبضہ مافیا اور بدمعاشوں کی بلے بلے ہے جہاں کسی پراجیکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے پر ہی کروڑوں روپے اپنی تشہیر پر لگانے کے بعد عوام کا پیسہ بچانے کی داد وصول کی جاتی ہے جہاں چوری کے شبے میں تو ایک عام آدمی کو ننگا کر کے مارا جاتا ہے۔
Islamic Republic of Pakistan
جب کہ کئی لوگوں کے قتل کا جس پر الزام لگ رہا ہو وہ وزارت کے عہدے پا لیتا ہے عام آدمی پراگر جعلی دستاویز کا جرم ثابت ہو جائے تو اُسے جیل بھیج دیا جاتا ہے جب کہ پوری قوم کو دھوکہ دینے والے جعلی ڈگری والوں پر کوئی فوجداری مقدمہ قائم نہیں ہوتا اور نہ ہی کوئی سزا دی جاتی ہے قرضہ لے کر کاروبار کرنے والے غریبوں سے ایک ایک پائی وصول کی جاتی ہے جب کہ کروڑوں کے قرض لینے والوں کو قرضہ معاف کر دیا جاتا ہے متعدد کیسوں میں مطلوب لوگوں کے ساتھ این آر او جیسے معاہدے کر لیے جاتے ہیںتبدیلی کا لیبل لگا کر پرانے چہرے ہی نئے پاکستان کا خواب دکھا رہے ہیںمشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بارے کوئی کُھل کر بات نہیں کرتاتعلیم کی وزارت سنبھالنے والوں کے بچے سرکاری سکولوں میں نہیں پڑھتے صحت کے وزارت پر موجود لوگ بیرون مُلک علاج کرواتے ہیںجب سرکار چلانے والے لوگوں کو خود اپنی بنائی ہوئی چیز پر اعتبار نہیں تو وہ کس حیثیت سے سرکار میں موجود ہیںیہ کیسی عوامی خدمت ہے جس میں عوام پر بے جا ٹیکسز لگا کر صرف اپنی خدمت پر مامور کیا ہوا ہے۔
پورے پاکستان میں کوئی ایک شہر ایسا دکھا دیں جہاں کے لوگ ہر طرح سے خوشحال ہوں جہاں سرکاری ادارے ایماندار لوگوں سے بھرے ہوں جہاں بنیادی سہولیات ہر شخص کو میسر ہوں جہاں پینے کا صاف پانی ہو جہاں گندگی نام کی کوئی چیز نہ ہو جہاںعدل و انصاف کا دور دورہ ہو۔ایسے بہت سارے حقائق ہیں جو شاید ہر کوئی جانتا ہے اور سب جاننے کے باوجود عقل سلیم سے کام لینے کی بجائے گلا پھاڑ پھاڑ کر زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔یہ مُلک پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے جس کے حصول میںبے شمار شہداء کا خون شامل ہے بہنوں کی عصمتیں شامل ہیں بزرگوں کی محنت اور دعائیں شامل ہیں اس کی قدر کرنا اور اس کی اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے اپنے مُلک کی سلامتی اور ترقی کے لیے ہمیں ضرورت ہے اپنی سوچ بدلنے کی۔۔۔