مذاکرات کیلئے تیار ہیں، 30 نومبر کا احتجاج اسمبلی سے زیادہ موثر ہو گا، شاہ محمود قریشی

Shah Mahmood Qureshi

Shah Mahmood Qureshi

ملتان (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن حکومت نے تا حال مسائل کے حل کیلئے کھڑکی تک نہیں کھولی۔

ملتان میں او جی ڈی سی ایل کے ملازمین سے خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن اسحق ڈار یقین دہانی کے بعد دوبارہ نہیں آئے اور اب تیس نومبر کو عمران خان کا کنٹینرز پر احتجاج اسمبلی سے زیادہ موثر ہو گا۔

سانحہ ماڈل ٹاون کے دوران شیشے توڑنے والے کیساتھ گھروں کے چراغ گل کرنے والوں کو بھی بے نقاب ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں میں بندر بانٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دھرنے کے باعث حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کم کی ہے اور اسی طرح حکومت کو او جی ڈی سی ایل کی نجکاری کا فیصلہ بھی واپس لینا پڑے گا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے تھرپارکر میں 29 اموات اور اسلام آباد میں او جی ڈی سی ایل کے ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنانے پر بھی حکومت پر شدید تنقید کی اور معیشت کے ہیمرج ہونے کے باوجود نیب کے فعال نہ ہونے کو عہدوں کی بندر بانٹ کا نتیجہ قرار دیا اس موقع پر او جی ڈی سی ایل ملازمین نے گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے۔