اسلام آباد (جیوڈیسک) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کل جماعتی کانفرنس میں تمام جماعتوں نے مذاکرات پر اتفاق کیا تھا، آپریشن پر اتفاق رائے موجود نہیں۔ تحریک انصاف کے مخدوم جاوید ہاشمی کہتے ہیں حکومت تاحال تذبذب کا شکار ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور کل جماعتی کانفرنس میں مذاکرات کرنے کے حوالے سے اتفاق رائے موجود ہے، ہم آج بھی مذاکرات کے حامی ہیں، کل جماعتی کانفرنس میں آپریشن پر اتفاق رائے نہیں ہوا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی کا جائزہ لینے اور پارٹی مشاورت کے بعد اس حوالے سے بات کروں گا۔ تحریک انصاف کے رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت عملی طور پر تذبذب کا شکار ہے، قومی داخلی سلامتی پالیسی پر پارلیمنٹ میں بحث خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آج تسلیم کیا کہ پارلیمانی رہنماؤں سے اس بارے میں مشاورت ہو گی۔