اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں پاکستان اور بھارت کے سیاست دانوں اور دانشوروں نے ملاقات کی ہے۔ ریجنل پیس انسٹیوٹ کے زیر اہتمام کانفرنس میں 14 رکنی بھارتی وفد کی قیادت سابق بھارتی وزیر منی شنکرآئرنے کی جبکہ پاکستانی وفد کی سربراہی سابق وزیرخارجہ خورشید محمود قصوری نے کی۔
کانفرنس کے اعلامیے میں پاک بھارت مذاکراتی عمل کو خطے میں امن کی چابی قرار دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک میں مذاکراتی عمل بلا تعطل جاری رہنا چاہیے۔ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات اور خطوط کا تبادلہ خوش آئند ہے۔
وفود نے امیدظاہر کی ہے کہ پاک بھارت سیکریٹری خارجہ ملاقات سے جامع مذاکرات کا سلسلہ بحال ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کو کشمیر، دہشت گردی سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر تعمیری بات چیت کی ضرورت ہے۔ اس موقع سابق بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان پر الزام تراشی سے گریز کیا۔