اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا عمل ناکام بنانے کے لیے غیر ملکی طاقت ڈرون حملے کر رہی ہے۔ مختلف گروپوں سے مذاکرات کا عمل جاری ہے نتائج چند روز میں سامنے آ جائیں گے۔
چودھری نثار نے کہا کہ چودھری اسلم پر حملہ کرنے والا دہشت گرد کئی سال سے کراچی میں مقیم تھا۔ حملے کی زیادہ تشہیر نہیں چاہتا تحقیقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی طبیعت گاڑی میں ہی خراب ہوئی کسی نے باہر سے گاڑی موڑنے کا حکم نہیں دیا۔ اے ایف آئی سی جانے کا فیصلہ پرویز مشرف نے خود کیا جس سے وہاں کے حکام بھی آگاہ نہیں تھے۔
چودھری نثار نے کہا کہ ایف آئی اے کی درخواست پر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا، صہبا مشرف نے ای سی ایل سے نام خارج کرنے کی درخواست کی تھی۔