اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔ دونوں کمیٹیوں کی ملاقات جلد متوقع ہے۔ تشدد سے باز نہ آنے والے گروپوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ پرویز رشید کہتے ہیں مذاکرات سے اچھے نتائج کی امید رکھی جائے۔
نادرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کے لئے جگہ کا کوئی ایشو ہے نہ ہی بات چیت میں کوئی ڈیڈلاک۔ طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا سنجیدہ مرحلہ شروع ہونے والا ہے۔
دونوں کمیٹیوں کی ملاقات بھی جلد ہو گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان مذاکرات سے اچھے نتائج کی امید رکھنی چاہیے، خون خرابے کے بغیر امن کی منزل تک پہنچنا چاہتے ہیں۔
مذاکرات کے حوالے سے جتنی کم بات کی جائے اتنا ہی بہتر ہے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا مالی امداد کوئی نئی بات نہیں۔