نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت نے کبھی اپنے پڑوسی کو بھکاری بنا کر آگے بڑھنے کی اقتصادی پالیسی نہیں اختیار کی، یہی وجہ سے ہماری اقتصادی ترقی ایشیاء میں انوکھی ہے، 21 ویں صدی ایشیا کی ہے اور رہے گی۔
عالمی پیداوار اور کاروبار میں اس خطے کی شراکت داری ایک تہائی کے قریب ہے، بہترین خاندانی اقدار پر مبنی سوشل سکیورٹی ایشیا کی ترقی کا ایک نمایاں پہلو ہے، ایشیائی لوگ اولاد کیلئے کچھ چھوڑ کر جانے میں یقین رکھتے ہیں۔
آئی ایم ایف اور بھارتی وزارت خزانہ کی طرف سے مشترکہ طورپر تین روزہ کانفرنس ” ترقی پذیر ایشیا، مستقبل کی سرمایہ کاری“ کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے جس کے ساتھ کاروبار کیا ہے اسے نقصان پہنچا کر کبھی منافع کمانے کی کوشش نہیں کی ہم وسیع اقتصادی پالیسی میں پڑوسی کو بھکاری بناﺅ پر عمل نہیں کرتے، کبھی اپنی کرنسی کے تبادلہ کی شرح کم نہیں کی۔
رواں مالی خسارے کے ساتھ بھی عالمی اور ایشیائی مانگ بڑھاتے رہے ہیں اسلئے ہم اچھی ایشیائی اور عالمی معیشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ذریعے 2010ءکے پہلے مرحلے کی کوٹہ اصلاحات کو اس سال جنوری میں نافذ کرنے سے عالمی معیشت میں ترقی پذیر ممالک کی شراکت داری بہتراندازمیں نمایاں ہو گی۔