وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) نواحی علاقہ بھٹی منصور میں چوری کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئیں، چور ی کے بعدگدھوں کی کھالیں اتار نے والا گروہ بھی سرگرم متعلقہ پولیس شہریوں کی شکایات پر جرائم پیشہ افراد کیخلاف کاروائی سے قاصر۔شہری ماسٹر محمد ندیم ولد غلام رسول کے ڈیرے سے چند روز قبل 35 ہزار روپے مالیتی گدھی غائب ہوگئی چور گدھی کی کھال اتار کرڈھانچہ قریبی کھیتوں میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
اگلے ہی روز ماسٹر ندیم کا70 ہزار روپے مالیتی بھینسا بھی چوری کرلیا گیا ۔ غریب محنت کش نے تھانہ گکھڑ سے رجوع کیا مگر پولیس نے شکایت پر کوئی عملدرآمد نہ ہوا۔جاوید ولد نذیر کے ڈیرہ سے بھی گدھا چوری کرکے اس کی کھال اتار کر باقیات قریبی کھیتوں میں پھینک دی گئیں۔
بھٹی منصور کے ہی رہائشی سیف اﷲ ولد محمد حسین کی بھینس چوری ہوگئی۔ اہل علاقہ نے چوری کی ان وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے چوروں کو ٹریس کر کے سزادینے اور نقصان پورا کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔