کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے رمضان کی آمد سے قبل ہی اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کو لٹیروں کی عوامی دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دشمنی میں گراں فروش اور ذخیرہ اندوز تو سطحی حیثیت کے حامل ہیں۔
اصل مجرم تو نت نئے ٹیکسز لگانے والے حکمران ‘ انہیں مضبوط بنانے والے اراکین پارلیمنٹ ‘ عوام دشمنی اور لوٹمار و کرپشن پر احتساب سے گریزاں منصفین اور عدم احتساب کے باعث ملک وقوم کو لاحق خطرات کے باجود لٹیروںجمہوری نظام کی بقا کو مقدم جاننے والے محافظان ہیں جنہیں نہ تو عوام کے مسائل و مصائب دکھائی دے رہے ہیں ‘ نہ محرومی و مفلسی سے سرکار ہے۔
بھوک سے بلکتے بچے اور بچوں کے دودھ کیلئے جسم فروشی پر مجبور مائیں ‘ مفلسی و بیروزگاری سے تنگ نوجوان طبقے کا جرائم کے ذریعے پیٹ کی آگ بجھانے کا بڑھتا رجحان بھی ان غیرتمندوں کی سوئی غیرت جگانے میں ناکام ہے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں کیونکہ کہیں نہ کہیں خطا ان کی بھی ہے کہ وہ ہر بار بھنبھوڑنے اور نوچنے و گھسیٹنے کے ماہربھیڑیوں اور کرگسوںکا ہی انتخاب کیوں کرتے ہیں۔