نیلسن منڈیلا کے انتقال پر عالمی رہنماؤں کا اظہار تعزیت

Obama

Obama

امریکہ (جیوڈیسک) عالمی رہنماؤں نے نیلسن منڈیلا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کیلئے ان کی خدمات دنیا بھر کیلئے مشعل راہ ہیں۔

نیلسن منڈیلا کے انتقال پر امریکی صدر براک اوباما نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ باہمت اور نڈر لیڈر تھے۔ انسانیت کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے عظیم افریقی لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانی عظمت وآزادی کے چیمپئن تھے۔

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ان کے انتقال پر وزیراعظم ہاؤس میں پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کر دیا۔ ڈیوڈ کیمرون نے اپنے تعزیتی پیغام میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے وقت کے عظیم ہیرو تھے۔ ان کی وفات سے عظیم شمع بجھ گئی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی عظمت کی بحالی اور نسلی امتیاز کے خلاف ان کی بے باک جدوجہد نے دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ افریقی لیڈر نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کی علامت اور”انصاف کے دیوتا “تھے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کیلئے ان کی خدمات دنیا بھر کیلئے مشعل راہ ہیں۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ ایک کرشماتی دیوتا تھے۔