کھٹمنڈو (جیوڈیسک) نیپال میں ہندو یاتریوں کی بس کھائی میں گرنے سے 12 بھارتی ہلاک جب کہ 27 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے 45 ہندو یاتری نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ہندوؤں کے مقدس مقام پشوپتی ناتھ مندر سے واپس بھارتی شہر گورکھ پور واپس آرہے تھے کہ ضلع ڈھاڈنگ کے گاؤں نوبیس کے قریب پہاڑی علاقے میں سفر کے دوران ان کی بس 100 میٹر گہری کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جب کہ 27 زخمی ہوگئے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو کھٹمنڈو کے سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، زخمیوں میں سے 6 کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خطرہ ہے۔ واضح رہے کہ نیپال دنیا کے ان ملکوں میں شمار ہوتا ہے جہاں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں۔