کھٹمنڈو (جیوڈیسک) نیپال کے دارالحکومت کے قریب مسافر بس کھائی میں گرنے سے 17 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق کھٹمنڈو کے شمال مغربی پہاڑی علاقے راراہی میں مسافر بس کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 13 افراد موقع پر ہی ہلاک جب کہ 4 اسپتال منتقل کئے جانے کے دوران راستے میں دم توڑ گئے۔
ریسکیو ٹیموں کے اہلکاروں نے لاشوں اورزخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا جہاں اسپتال انتظامیہ کے مطابق 5 افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ بارش کی وجہ سے ہونے والی پھسلن کے باعث پیش آیا تاہم تحقیقات کے بعد ہی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکتا ہے۔