کھٹمنڈو (جیوڈیسک) نیپال کے امیر ترین شخص نے متاثرین زلزلہ کیلیے 10 ہزار عارضی مکانات تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چوہدری فاؤنڈیشن کے بینود چوہدری نے کہا ہے کہ چوہدری گروپ نے متاثرین زلزلہ کیلیے عارضی مکانات کی تعمیر کے سلسلے میں غیرسرکاری اداروں سے ٹیکنیکل معاونت کیلیے رجوع کر لیا ہے، چوہدری گروپ ایک ہزار مکانات کی فوری طور پر تعمیر اپنے وسائل سے کرے گا جبکہ بقیہ9ہزار مکانات کی تعمیر عطیات دینے والوں کی معاونت سے کی جائے گی۔
تخمینے کے مطابق فی مکان 700ڈالرز لاگت آئے گی، یہ مکانات ملک بھر کے 14اضلاع میں تعمیر کیے جائیں گے اس کے علاوہ چوہدری فاؤنڈیشن زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے100 کمیونٹی پرائمری اسکولز کی عمارتوں کی مرمت اور بحالی کا کام بھی کرے گی۔
نیپال میں آنے والے تباہ کن زلزلے کو11 دن گذر جانے کے باوجود امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ انھیں امدادی سامان کی اتنی مقدار میسر نہیں جتنی متاثرین کیلیے درکار ہے۔
امدادی سامان لانے والے ہر ہیلی کاپٹر کے گرد متاثرین کا ہجوم دیکھا جا سکتا ہے۔ نیپالی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں جاری امدادی کارروائیوں کو مربوط بنانے اور صورت حال پر قابو پانے میں کامیاب ہو رہی ہے۔