اسلام آباد (جیوڈیسک) نیپرا میں ہونے والی سماعت کے دوران سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بتایا کہ مئی کے مہینے میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ فرنس آئل کی قیمتوں میں اٹہتر پیسے فی یونٹ کمی ہوئی اور لائن لاسز بھی کم ہو کر چودہ پیسے فی یونٹ رہ گئے۔
مئی کے مہینے میں سات ارب چھیاسٹھ کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی جس پر باسٹھ ارب روپے لاگت آئی اور بجلی کی پیداواری لاگت میں اٹھارہ ارب روپے کی کمی کے مدنظر بیاسی پیسے فی یونٹ کمی کی سفارش کی گئی۔
نیپرا نے استفسار کیا کہ اوچ ون اور ٹو سے پیدا ہونے والی بجلی سے استفسادہ کیوں نہیں کیا جا رہا۔ این ٹی ڈی سی حکام نے بتایا کہ اوچ ٹو سے پیدا ہونے والی بجلی کی سپلائی کے لیے ٹرانسمیشن لائن نہیں بچھائی گئی جس پر اتھارٹی نے حکومت کو ہدایت کی کہ جلد ازجلد ٹرانسمشین لائن بچھائی جائے تاکہ اوچ سے پیدا ہونے والی بجلی سے استفادہ کیا جا سکے۔
نیپرا نے استدعا منظور کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں بیاسی پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔ کمی کا اطلاق صارفین کے آئندہ ماہ کے بلوں پر ہو گا۔