اسلام آباد (جیوڈیسک) نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی قیمتوں میں تیس پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔ بجلی کی قیمتوں میں تیس پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹی فیکشن کے بعد ہو گا۔
جولائی کے مہینے میں پن بجلی کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت کم رہی۔ جولائی کے مہینے میں نو ارب 80 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔ لائن لاسز کی مد میں سترہ پیسے فی یونٹ صارفین کو منتقل کیے گئے ہیں۔
نیپرا نے لائن لاسز کے اعداد و شمار پر اظہار برہمی کرتے ہوئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے جولائی کے مہینے میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے علاوہ تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہو گا۔