نیتن یاہو کے اقتدار کا خاتمہ، سخت گیر نفتالی بینیٹ اسرائیل کے نئے وزیراعظم منتخب

Naftali Bennett

Naftali Bennett

اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیل کے قوم پرست سخت گیر سیاست دان نفتالی بینیٹ نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں اور بنیامین نیتن یاہو کے مسلسل بارہ سالہ طویل اقتدار کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

اسرائیل کی پارلیمان الکنیست نے اتوار کی شب 49 سالہ نفتالی بینیٹ کی قیادت میں صہیونی ریاست کی چھتیسویں حکومت کی منظوری دی ہے۔پارلیمان کے 60 ارکان نے نئی کابینہ کے حق میں ووٹ دیا ہے اور 59 نے اس کی مخالفت کی ہے۔

اسرائیل کے نئے مخلوط حکمراں اتحاد میں آٹھ جماعتیں شامل ہیں۔ان میں ملک کی 21 فی صد عرب آبادی کا نمایندہ عرب بلاک بھی شامل ہے۔ مخلوط حکومت کی تشکیل کے لیے طے شدہ فارمولے کے تحت نفتالی بینیٹ نصف مدت کے بعد 2023ء میں وزارت عظمیٰ سے دستبردار ہوجائیں گے اور ان کی جگہ 57 سالہ یائرلیپڈ وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالیں گے۔

اسرائیلی پارلیمان میں نئی حکومت کی منظوری سے قبل نئے اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے اورنئے مخلوط اتحاد کے بانی یائرلیپڈ کی جماعت ’ییش عتید‘ سے تعلق رکھنے والے میکی لیفی نئے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔انھوں نے120 ارکان پر مشتمل پارلیمان سے 67 ووٹ حاصل کیے تھے۔

گذشتہ ہفتے اس مخلوط اتحاد کی تشکیل کے بعد 71 سالہ نیتن یاہو کا جانا ٹھہرگیا تھا اوران کے مسلسل چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے کے امکانات معدوم ہوگئے تھے۔وہ 2009ء سے اسرائیل کے وزیراعظم چلے آرہے تھے۔انھوں نے مجموعی طور پر پندرہ سال حکومت کی ہے۔اس سے پہلے وہ 1996ء سے 1999ء تک تین سال صہیونی ریاست کے وزیراعظم رہے تھے۔

نفتالی بینیٹ اسرائیل کے پہلے کٹڑیہودی وزیراعظم ہیں۔وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے لیے مزید بستیوں کی تعمیر کے حق میں ہیں اور اس فلسطینی علاقے کو جزوی طور پر صہیونی ریاست میں ضم کرنے سے متعلق بیانات جاری کرتے رہے ہیں جبکہ ان کے حکمراں اتحاد میں شامل عرب بلاک اس کا مخالف ہے۔

واضح رہے کہ صہیونی ریاست میں 23 مارچ کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں نیتن یاہو کی قیادت میں دائیں بازو اور مذہبی بلاک جبکہ ان کے مخالف سیاست دانوں پر مشتمل اتحاد میں سے کوئی بھی پارلیمان میں حکومت بنانے کےلیے درکار سادہ اکثریت حاصل نہیں کرسکا تھا۔اسرائیل میں گذشتہ دو سال میں یہ چوتھے پارلیمانی انتخابات تھے۔اب کہ بھی صرف ایک ووٹ کے فرق سے نئی حکومت تشکیل پائی ہے۔