اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیل کے صدر ریووین رولین نے ایک مرتبہ پھر بنیامین نیتن یاہو کو وزیراعظم نامزد کیا ہے اور انھیں نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔
نیتن یاہو اب تک اسرائیل کے سب سے زیادہ عرصہ وزیراعظم رہنے والے سیاست دان ہیں۔وہ 2009ء سے مسلسل اسرائیل کے وزیراعظم چلے آرہے ہیں لیکن اس مرتبہ انھیں حکومت کی تشکیل کے لیے ایک مشکل مرحلہ درپیش ہے اور انھیں اس مقصد کے لیے نیا سیاسی اتحادتشکیل دینا پڑے گا۔
اسرائیل کے نئے قانون کے تحت نیتن یاہو کو نامزدگی کے بعد 28 دن میں نئی کابینہ تشکیل دینا ہوگی۔اس مدت میں وہ مزید دو ہفتے کی توسیع کی درخواست کرسکتے ہیں۔اگر وہ پھر بھی نئی حکومت کی تشکیل میں ناکام رہتے ہیں تو پھر اسرائیلی صدر کسی اور سیاست دان کو وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دیں گے۔
صہیونی ریاست میں 23 مارچ کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں نیتن یاہو کی قیادت میں دائیں بازو اور مذہبی بلاک اور ان کے مخالف سیاست دانوں پر مشتمل اتحاد میں سے کوئی بھی حکومت بنانے کےلیے درکار سادہ اکثریت حاصل نہیں کرسکا تھا۔ اسرائیل میں گذشتہ دو سال میں یہ چوتھے پارلیمانی انتخابات تھے۔
صدررولین نے سوموار کو نئی حکومت کی تشکیل سے متعلق سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے مشاورت کی تھی۔نیتن یاہوکو اپنے حریف امیدوار کے مقابلے میں نومنتخب ارکان کی زیادہ تعداد کی حمایت حاصل ہوئی تھی۔اس کے بعد صدر نے ایک نشری تقریر میں انھیں وزیراعظم نامزد کیا تھا۔
اگر وہ نئی کابینہ کی تشکیل میں ناکام رہتے ہیں تو پھر اسرائیلی صدرنومنتخب پارلیمان سے وزارت عظمیٰ کے لیے کسی ایسے امیدوار کے نام پراتفاق کے لیے کہیں گے جس کو 120 میں سے 61 ارکان کی حمایت حاصل ہو۔