نیو یارک (جیوڈیسک) بدلے اور انتقام کی آگ کے گِرد گھومتی ہالی وڈ کی نئی ایکشن تھرلر فلم جان وِک چیپٹر 2 کا نیا ٹریلر منظرِ عام پر آگیا ہے۔
چیڈ اسٹیلسکی کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم 2015 کی ایکشن فلم ’جان وِک‘ کا سیکوئل ہے، جس کی کہانی نشانے بازی کے ماہر ایک ایسے اسنائپر کے گِرد گھوم رہی ہے، جو اپنے پروفیشن سے علیحدگی اختیار کر لیتا ہے۔
جان نامی اس شوٹر کے دشمن موقعے سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے اُسے راستے سے ہٹانے کی ٹھان لیتے ہیں، تاہم دفاع کیلئے جان ایک بار پھر اپنا پیشہ اپنا لیتا ہے۔
باسیل لیوانک اور ڈیوڈ لیچ کی مشترکہ پروڈیوس کردہ اس سنسنی خیز فلم میں مرکزی کردار معروف ایکشن ہیرو کیانو رِیوز نبھا رہے ہیں، جن کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں لارنس فشبرن، برج موئے ناہن، روبی روز، ایئن میکشین، لینس ریڈک اور ایلے مینگ جلوۂ گر ہو رہے ہیں۔
مار دھاڑ اور تھرل سے بھرپور یہ ڈرامہ فلم لائنز گیٹ اسٹوڈیوز کے تحت آئندہ سال 10فروری کو سنیما گھروں میں دھوم مچانے آرہی ہے۔