نیو یارک (جیوڈیسک) نئی اینی میٹڈ فلم زوٹوپیا آتے ہی باکس آفس پر چھاگئی ہے ۔ 4 ہفتوں سے پہلے نمبر پر موجود ڈیڈ پول کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بائرن ہاورڈ اور رچ مور کی ہدایتکاری میں بننے والی کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور اینی میٹڈ فلم ’زوٹوپیا ‘ کی کہانی ایسے جنگل کی ہے جہاں بے قصور لومڑی مجرم ٹھہرا دی جاتی ہےاورخرگوش پولیس اہلکار لومڑی کو اس مشکل سے نکالنے کی کوشش کرتا ہے اور دونوں مل کر کام کرتے ہیں۔ اپنی ریلیز کے صرف 3دنوں میں زوٹوپیا نے 7کروڑ 37لاکھ ڈالر کما کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
اسی ہفتے ریلیز ہونے والی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار مورگن فری مین اور اسکاٹش اداکار گیراڈ بٹلر کی نئی ایکشن تھرلر فلم’لنڈن ہیز فالن‘ باکس آفس دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ اس ایکشن کرائم تھرلر فلم نے ابتدائی 3دنوں میں 2 کروڑ70 لاکھ ڈالر کمائے۔ فلم برطانوی وزیرِ اعظم کی پر اسرار ہلاکت سے شروع ہوتی ہے، جس کے بعد ایجنٹس اور خفیہ اداروں کو وزیرِ اعظم کی آخری رسومات میں شریک عالمی رہنماؤں کو قتل کرنے کے خطرناک منصوبے کا علم ہوتا ہے۔ اور پھر ایکشن نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 4 ہفتوں سے باکس آفس پر راج کرنے والی ڈیڈ پول اب تیسرے نمبر پر آگئی ہے ۔ فلم نے اس ہفتے ایک کروڑ64لاکھ ڈالر کمائے۔