ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ میں اپنے منفرد انداز اور حقیقت سے قریب ترین اداکاری کی وجہ سے الگ پہچان بنانے والے عرفان خان اب سلور اسکرین پر دکھائی دیں گے’ قریب قریب سنگل میں۔‘
فلم ’سنگھرش‘ اور’دشمن‘ جیسی سپرہٹ فلمیں بالی وڈ کو دینے والی تنوجہ چندرا کی ڈائریکٹ کردہ ’قریب قریب سنگل ‘سے ملیالم فلموں کی مشہور اداکارہ پاروتھی بالی وڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کریں گی۔
پاکستان میں فلم ’ڈسٹری بیوشن کلب‘ کے تحت 10 نومبر کو ریلیز ہوگی۔ کلب کی ایک عہدیدار سبین نے وی او اے کو بتایا ’’ ’قریب قریب سنگل‘ ایسی رومینٹک کہانی ہے جس میں دو اجنبی ملتے ہیں۔ دوست بنتے ہیں اور پھر اکٹھے ایک سفر پر روانہ ہوتے ہیں۔ اس دوران ان کے درمیان ایک تعلق بنتا چلاجاتا ہے۔‘‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’پاروتھی فلم میں ایسی خاتون کا کرادار نبھا رہی ہیں جو طویل عرصے سے تنہا زندگی گزار رہی ہے، جبکہ عرفان خان ہمیشہ کی طرح اپنے منفرد اور عام آدمی والے اوتار میں دکھائی دیں گے۔‘‘
’قریب قریب سنگل‘ میں عرفان خان کا رول ان کے ’لائف ان اے میٹرو‘ میں ادا کئے گئے کردار سے مماثلت رکھتا ہے۔
فلم ’پیکو‘ میں دیپکا پڈکون اور فلم ’ہندی میڈیم‘ میں صبا قمر کی طرح عرفان خان کی پاروتھی کے ساتھ آن اسکرین کیمسٹری ربردست ہے۔
’قریب قریب سنگل‘ کا گانا ’ختم کہانی‘ گزشتہ ہفتے ریلیز ہو چکا ہے اور عوام میں مقبول ہو رہا ہے۔