لاہور (جیوڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر عامرسہیل نے کہا ہے کہ نئے چیئرمین کو پی سی بی کے قانون کا علم ہی نہیں۔ وزیراعظم کو غلط مشورے دیے گئے، جب انتظامی ڈھانچہ ہی معطل ہے تو یہ نیا آئین کیسے بنا سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ آج پاکستان کی کرکٹ کی حالت دیکھ کر مجھے ہنسی بھی آتی ہے اور افسوس بھی ہوتا ہے کہ کرکٹ کی باگ ڈور کیسے کیسے لوگوں کے ہاتھ میں جارہی ہے۔ ذکا اشرف منتخب چیئرمین تھے، نئے چیئرمین کو اخلاقیات کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم سے کہنا چاہیے تھا کہ ان کو نہ ہٹائیں، اگر موجودہ وزیر اعظم پرویز مشرف کے اقدام کو غلط قرار دیتے ہیں تو یہ اقدام بھی ویسا ہی ہے۔
مجھے کرکٹ بورڈ میں آنے کی ضرورت نہیں، میں میڈیا سے جڑا بندہ ہوں، ایک نجی ٹی وی پر کامیاب پروگرام بھی کررہا ہوں۔ کرکٹ کو جب بھی میری ضرورت ہوئی میں اپنی خدمات پیش کروں گا لیکن نجم سیٹھی کے ساتھ کام کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ٹیم کے انتخاب میں فیورٹ ازم ہے، اچھے کھلاڑی کو بھی سفارش یا رشوت کی ضرورت ہوتی ہے، میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا لیکن بہت کچھ ہورہا ہے۔