لاہور (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں چیئرمین ذکا اشرف کی بحالی کے بعد پی سی بی کا گورننگ بورڈ بھی متحرک ہو گیا، ارکان ہفتے کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔
چیف سلیکٹر، ہیڈ کوچ کی تقرری اور سینٹرل کنٹریکٹ سمیت متعدد اہم فیصلے متوقع ہیں، سلیکشن معاملات کی سربراہی سنبھالنے کیلیے عامر سہیل اور محمد الیاس دوڑ میں شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعے کی شام 4 بجے ذکا اشرف قذافی اسٹیڈیم لاہور آئے، انھوں نے حکام کے ساتھ ایشیا کپ، ورلڈ ٹوئنٹی 20 وانڈر 19 ورلڈکپ کیلیے کھلاڑیوں کے انتخاب سمیت مختلف معاملات پر بات چیت کی۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ میں بعض عہدیداروں کا خیال تھا کہ ٹیموں کے چنائو کیلیے نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی جائے، بعض کی رائے تھی کہ وقت کی کمی کے باعث موجودہ سلیکٹرز سے ہی کام چلا لیا جائے۔ اجلاس میں ایشیا کپ میں ٹیم بنگلہ دیش بجھوانے کے بارے میں بھی مشاورت کی گئی، کچھ مزید حل طلب امور کیلیے گورننگ بورڈ کا اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی جس سے چیئرمین پی سی بی نے اتفاق کیا۔