نئی تجارتی پالیسی تیار، برآمدی ہدف 50 ارب ڈالر مقرر

Dollar

Dollar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے نئی تجارتی پالیسی کو حتمی شکل دے دی، برآمدی ہدف 50 ارب ڈالر مقرر کر دیا گیا، جولائی کے دوسرے ہفتے میں پالیسی کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

وزارت تجارت کے مطابق نئی تجارتی پالیسی کی تیاری کا پراسس مکمل ہو گیا ہے، پالیسی میں ایسے اہداف رکھے گئے ہیں جن پر عملدرآمد ہو سکے کیونکہ سابقہ تجارتی پالیسی پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے، نئی پالیسی میں ویلیو ایڈیشن پر زور دیا گیا ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے، نئی تجارتی پالیسی میں عالمی اسٹینڈرڈکو بھی فوکس کیا گیا ہے۔

ہمسایہ ممالک خصوصاً افغانستان، ایران، چین، ترکمانستان، تاجکستان، ترکی، ازبکستان سے تجارت کو ترجیح دی جائے گی، نئی پالیسی کے تحت پاکستانی خام مال کو ویلیو ایڈیشن کی طرف شفٹ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایا جا سکے۔

عالمی چیلنجز کے مقابلے کے لیے اشیا کا معیار بہتر بنایا جائے گا اور ان کی ٹیسٹنگ کے مسائل کو بھی اب پاکستان کے اندر حل کیا جائے گا، عالمی سطح پر اشیا کی برآمد کے حوالے سے آنے والے ٹیکنیکل مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔