کراچی (جیوڈیسک)مسلم لیگ ن نے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں پر عمل کرانے اور ووٹر فہرستیں شائع کروانے کیلئے سپریم کورٹ میں جانے کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ نون کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیا نے دیگر امیدواروں کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے کہا۔
کہ کراچی میں قومی اسمبلی کی تین اور صوبائی اسمبلی کی سات نشستوں پر نئی حلقہ بندیاں سپریم کورٹ کے حکم کے تحت ہوئی ہیں۔ ایک جماعت نے الیکشن کمیشن اور عدلیہ پر دباو ڈالا ہے اس لئے ووٹر فہرستیں شائع نہیں کی جارہی ہیں۔
پی ایس114کے امیدوار اور مسلم لیگی رہنما عرفان اللہ مروت نے کہا کہ کراچی کی حلقہ بندیوں کو جواز بنا کر الیکشن ملتوی کرانے کی سازش کی جارہی ہے لیکن تمام جمہوریت پسند قوتیں یہ سازش ناکام بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرانے کیلئے ہم سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔